حکومت کی کامیابیوں کی وجہ سے ن لیگ اور پی پی کو اپنی بقا کا چیلنج درپیش ہے، ہمایوں اختر خان

لاہور(سی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اخترخان کا کہنا ہے کہ عوام اپوزیشن کو اپنے مفادات کی آڑ میں ملک کو دوبارہ دلدل میں دھکیلنے کی قطعاََ اجازت نہیں دیں گے۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اخترخان نے کہا کہ آنے والے دنوں میں کسی طرح کا مارچ اور دھرنا نہیں دیکھ رہا۔انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود حکومت کی کامیابیوں کی وجہ سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو اپنی بقا کا چیلنج درپیش ہے، عوام اپوزیشن کو اپنے مفادات کی آڑ میں ملک کو دوبارہ دلدل میں دھکیلنے کی قطعاََ اجازت نہیں دیں گے۔ہمایوں اخترخان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کشمیر کے معاملے پر مضبوط دلائل پیش کرکے دنیا کو اپنے ساتھ ملا رہی ہے اور آنے والے مہینوں میں اس کے مثبت نتائج بھی سامنے آئیں گے۔تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جنرل اسمبلی میں کی گئی تقریر کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے جبکہ اپوزیشن حکومت کے بغض میں میں نہ مانوں کی رٹ پر قائم ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر اپنے خطاب میں کہا تھا کہ دنیا کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہو نہ ہو لیکن پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، میں وعدہ کرتا ہوں کہ مودی فاشسٹ اور مسلمانوں سے نفرت کرنے والی حکومت کو بے نقاب کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں