منی لانڈرنگ، سوئٹزرلینڈ میں استوائی گنی کے نائب صدر کی 50مہنگی گاڑیاں نیلام

جنیوا (سی این پی)سوٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں استوائی گنی کی مبینہ طور پر لوٹی ہوئی دولت سے خریدی گئی تقریبا 50 بیش قیمت گاڑیوں کو نیلام کیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس نیلامی کے بارے میں دلچسپ بات یہ تھی کہ اس سے اکٹھی ہونے والی رقم کا ایک بڑا حصہ استوائی گنی کے غریب عوام کی بہتری کے لیے استعمال ہوگا۔جنیوا میں نیلام ہونے والی یہ فراری، لیمبورگینی، رولز رائس اور بیوگاٹی گاڑیاں استوائی گنی کے صدر ٹیوڈورو اوبی آنگ نویئما کے صاحبزادے ٹیوڈورن کی ملکیت میں تھیں۔سوٹزرلینڈ میں حکام ٹیوڈورن کے خلاف منی لانڈرنگ اور عوامی رقم کے غلط استعمال کے حوالے سے تحقیقات کر رہے تھے۔لیکن یہ تحقیقات اس وقت روک دی گئیں جب ٹیوڈورن نے گاڑیوں کو نیلام کر کے ان سے ملنے والی رقم کو استوائی گنی میں سماجی بہتری کے پروگراموں میں صرف کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔اس سے قبل 2017 میں ایک فرانسیسی عدالت نے ٹیوڈورن کو کرپشن کے الزام میں 3 سال قید کی معطل سزا سنائی تھی۔گاڑیوں کی نیلامی سے 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر اکٹھے ہو چکے ہیں۔ حکام کے ساتھ طے شدہ ڈیل کے مطابق اس رقم میں سے دو کروڑ 30 لاکھ ڈالر استوائی گنی میں جاری سماجی اور ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں