ہانگ کانگ میں فیس ماسک پر پابندی عائد

ہانگ کانگ (سی این پی)ہانگ کانگ کی چیف ایگزیکٹو نے احتجاج میں شدت آنے کے بعد ایمرجنسی قوانین کے تحت فیس ماسک پر پابندی عائد کردی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر ہانگ کانگ میں ایک بار پھر پرتشدد مظاہروں میں شدت آگئی۔ہانگ کانگ کی چیف ایگزیکٹو کیری لیم کا کہنا تھا کہ احتجاج شہر کو برباد کررہا تھا لہذا حکام صورتحال کو بدتر سے بدتر ہونے کے لیے نہیں چھوڑ سکتے۔کیری لیم کی جانب سے شہر بھر میں فیس ماسک پہننے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جس کا اطلاق(کل ) ہفتے کے روز سے ہوگا۔ چین کے زیر انتظام شہر میں جن ایمرجنسی قوانین کا نفاذ کیا گیا وہ مس لا کی جانب سے 1922 میں متعارف کرائے گئے تھے، انہیں ایمرجنسی ریگولیشن آرڈیننس کہا جاتا ہے جب کہ ان قوانین کو ہانگ کانگ میں 1967 میں ہونے والے مظاہروں کے بعد سے نافذ نہیں کیا گیا۔واضح رہے کہ ہانگ کانگ میں ملزمان کی چین کو حوالگی کے متنازع بل کو لے کر جون میں شدید احتجاج شروع ہوا اور مظاہرین نے ہانگ کانگ کی برطانیہ سے آزادی کی سالگرہ پر بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا جب کہ اس دوران مظاہرین پرچم کشائی کی تقریب کے مقام تک بھی پہنچے اور انہوں نے پارلیمنٹ پر بھی حملہ کیا۔پانچ ماہ سے جاری احتجاج میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جب کہ گزشتہ دنوں پولیس نے مظاہرین پر پہلی مرتبہ براہ راست فائرنگ بھی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں