نیب کی اکرم درانی کے بھتیجے سے پوچھ گچھ

جے یو آئی رہنما اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کے خلاف نیب تحقیقات شروع ہوگئی ہیں۔ اکرم خان درانی کے بھتیجے عرفان درانی نیب راولپنڈی میں پیش ہوئے۔جمعہ کو نیب راول پنڈی کی تفتیشی ٹیم نے عرفان درانی سے کاروباری معاملات پر سوالات کئے۔ گذشتہ روز اکرم درانی کے قریبی دوست شفا شاہ اور سابق ایم پی اے ریاض خان سے بھی تفتیش کی گئی تھی۔نیب راولپنڈی نے سابق وزیراکرم خان درانی کو بھی 7 اکتوبر کو طلب کر رکھا ہے۔اس کیس میں اکرم درانی کے بیٹے زاہد درانی کو نیب نے 8 اکتوبر کو طلب کیا ہے۔اثاثوں کی چھان بین کے لیے نیب راولپنڈی نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کو پچھلے ہفتے سمن جاری کیا اور انھیں تمام ریکارڈ بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اکرم درانی پر بطور وفاقی وزیر 2 ہائوسنگ منصوبوں میں کرپشن کا الزام ہے۔اکرم درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں چئیرمین نیب نے انکوائری کی منظوری پہلے ہی دے رکھی تھی۔ ابتدائی شواہد ملنے کے بعد نیب نے جے یو آئی رہنما کو مزید تحقیقات کیلئے طلب کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں