ملتان سکھر موٹروے،سڑک تعمیر ہو گئی مگرپیٹرول پمپس،سروس ایریاز اور عملہ بھرتی کرنا کسی کو یاد نا رہا

ملتان (سی این پی )شہری انتظار کریں ۔ ملتان سکھر موٹروے کی سڑک تو تعمیر کر دی گئی ہے، پیٹرول پمپس، سروس ایریاز کی تعمیر مکمل ہوئی نہ پولیس اور ضروری عملہ بھرتی کیا جاسکا جس کے باعث سڑک کے باضابطہ افتتاح میں مزید تاخیر ہو گیا ہے۔

این ایچ اے ذرائع کے مطابق 392 کلومیٹر طویل ملتان سکھر موٹروے پر سڑک تعمیر ہوگئی لیکن عوام کے لئے اب تک اس لئے نہیں کھولی جاسکی کیونکہ ایم فائیو پر پٹرول پمپس اور سروس ایریاز اب تک تعمیر نہیں ہوئے، ایم فائیو پر موٹروے اسٹاف کی بھرتیاں بھی تاحال مکمل نہیں کی جا سکیں ساتھ ہی وہیکل ریکوری، اور دیگر الائیڈ سروسز، صفائی اور رسپانس مینجمنٹ کے لئے بڈرز کو کال بھی تاخیر سے دی گئی۔ ذرائع کے مطابق ایم فائیو پر ایمبولنس سروس، فائر فائٹنگ سمیت ریسکیو سروسز کا بھی کوئی انتظام موجود نہیں ۔ ملتان سکھرموٹروے ستمبر میں 2 روز آزمائشی بنیادوں پر کھولنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا لیکن آزمائشی اعلان کو کسی حادثے کے خطرہ کے باعث ملتوی کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب وزارت موصلات نے سارا ملبہ وزارت خزانہ پر ڈال دیا ہے۔وزارت مواصلات ذرائع کا یہ کہنا ہے کہ وزارت خزانہ نے فنڈز ریلیز کرنے میں تاخیر کی، ملتان سکھر سمیت دیگر منصوبے بھی تاخیر کا شکار ہیں۔ وزارت مواصلات پر عوام کے ساتھ چینی حکام کا بھی دباؤ ہے کہ منصوبے کا جلد شاندار افتتاح کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق وزارت مواصلات رواں ماہ ہی موٹروے کو عوام کے لئے کھولنے کی تیاری کررہی ہے جبکہ تکنیکی ماہرین کے مطابق منصوبے کا باضابطہ افتتاح ہونے میں مزید تین مہینے یا اس سے زیادہ کا وقت بھی لگ سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں