مقبوضہ کشمیر،بھارتی ریاستی دہشتگردی جاری ،دو کشمیری نوجوان شہید

سرینگر(سی این پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں ، سوپور میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق قابض فوج نے شہر سو پور میں ریاستی دہشت گردی کی کارروائی کے دوران دو نوجوانوں کو شہید کردیا ، علاقے میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران انٹرنیٹ اور مو بائل سروس بند کر کے گھر گھر تلاشی بھی لی گئی، ظالمانہ کارروائی کے خلاف کشمیریوں نے شدید احتجاج کیا۔واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے ، کئی دہائیوں سے بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری آزادی کی تحریک کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے اور گزشتہ سال 200 سے زائد افراد کو شہید کیا گیا ہے۔جبکہ ہزاروں کشمیریوں سمیت مقبوضہ وادی کی سیاسی قیادت کو بھی جیلوں میں بند کر رکھا ہے۔ 5اگست 2019 کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کر کے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کر دیا تھا اور بھارت نے کشمیریوں کی نقل وحرکت پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔یکم نومبر سے بھارتی آئین کے آرٹیکل 35 اے کے خاتمے سے بھارتی شہریوں کو مقبوضہ کشمیر میں جائیداد خریدنے اور وہاں رہنے کا حق بھی حاصل ہو گیا ہے۔ بھارتی آئین کے آرٹیکل 35 اے کے تحت مقبوضہ کشمیر کو بھارت میں خصوصی درجہ حاصل ہے جس کے تحت صرف کشمیری ہی وادی میں جائیداد خریدنے اور ورثے میں منتقل کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں