پشاور میں روبوٹک نمائش، طلبا کے تیار روبوٹ دیکھ کر شرکا داد دینے پر مجبور

پشاور(سی این پی)انجنیئرنگ یونیورسٹی پشاور کے حیات آباد کیمپس میں روبوٹک نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں اسکولوں اور دینی مدارس کے طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں 2 روزہ روبوٹک مقابلے اور نمائش ‘نیشنل روبو ٹک 2022 ‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے اسکولوں اور دینی مدارس کے 500 طلبا وطالبات پر مشتمل مختلف ٹیموں نے حصہ لیا۔نمائش میں طلبہ نے جہاں ایک طرف پروگرامنگ اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چلانے والے روبوٹس کے 25 اسٹالز لگائے وہیں روبوٹک نمائش میں فوڈ اسٹالز بھی لگائے گئے۔نمائش میں شریک افراد طلباکے تیار کردہ روبوٹس کو دیکھ کر داد دیے بغیر نہ رہ سکے، ساتھ ہی شرکا نے نمائش میں لگے فوڈ اسٹالز سے لذید کھانوں کا مزہ بھی لیا جبکہ بعض افراد ای گیمنگ سے محظوظ ہوتے رہے۔ روبوٹک نمائش میں شریک بچوں سمیت یونیورسٹی طلبا نے بھی باری باری ہر ایک اسٹال سے روبوٹس کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔نمائش میں وزیر برائے اعلی تعلیم خیبر پختونخوا کامران بنگش نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر اسکولوں میں سائنسی نمائش کے انعقاد سے ٹیلنٹ کو آگے لانے میں مدد مل رہی ہے۔دوران گفتگو کامران بنگش نے جدید ٹیکنالوجی میں دینی مدارسِ کے طلبا کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں