بھارت کے ساتھ ادویات کی تجارت پر پابندی ختم

اسلام آباد(سی این پی)حکومت نے بھارت کے ساتھ دوائوں کی تجارت پر پابندی ختم کردی۔ پابندی کے خاتمے سے امراض قلب اور سرطان سمیت جان لیوا بیماریوں میں مبتلا افراد کو ریلیف ملے گا۔وزارت تجارت نے درآمدات اور برآمدات پالیسی آرڈرز 2016 میں ترمیم کے علیحدہ علیحدہ نوٹیفکیشن جاری کردیئے ہیں۔ترمیم کے تحت بھارت کے ساتھ تجارت پر عائد پابندی کا اطلاق جان بچانے والی دوائوں اورآلات جراحی پر نہیں ہوگا۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے دائرہ کار میں آنے والی طبی مصنوعات کی تجارت کی اجازت ہوگی۔حکام کا کہنا ہے کہ بھارت سے دوائوں کی تجارت کی اجازت انسانی بنیادوں پر دی گئی ہے، اس سے دونوں ملکوں کے عوام کو علاج کی سہولت ملے گی۔ پاکستان نے بھارت کی طرف سے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کیخلاف بطور احتجاج ہر قسم کی تجارت پر پابندی عائد کر دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں