کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، خودکش حملہ آور خاتون سمیت 5 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ(سی این پی)کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے قریب سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں خود کش حملہ آور خاتون سمیت 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر مشرقی بائی پاس کے قریب ایک کمپائونڈ میں کارروائی کی گئی۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے جن میں ایک خاتون بھی شامل تھی جس نے خود کش جیکٹ پہن رکھی تھی۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکا خیز مواد کی مدد سے اڑایا جب کہ کارروائی میں پانچ پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مشرقی بائی پاس کے علاقے میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، سی ٹی ڈی نے حساس ادارے کے اہلکاروں کے ساتھ مل کر آپریشن کیا۔عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ پہلے دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، دہشت گردوں نے دستی بم پھینکے جس سے دو اہلکار زخمی ہوئے۔ڈی آئی جی نے بتایا کہ آپریشن پانچ گھنٹے جاری رہا، فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو دہشت گردوں نے خود کود ھماکے سے اڑایا۔ڈی آئی جی ذوالفقار چیمہ نے کہا کہ آپریشن میں بلوچستان کانسٹیبلری کا ایک ڈرائیور شہید اور پانچ اہلکار زخمی ہوئے۔ذوالفقار چیمہ نے بتایا کہ میری معلومات کے مطابق آپریشن میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔وزیر اعلی بلوچستان جام کمال نے دہشت گردوں کے خلاف فورسز کی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آپریشن میں حصہ لینے والی سیکیورٹی ٹیم کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے جرات اور بہادری سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کیا اور دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا گیا۔وزیراعلی نے کہا کہ عوام کے تحفظ اور امن کے لیے فورسز کی کارکردگی باعث اطمینان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں