اسلام آباد(سی این پی) قومی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ اگست میں مہنگائی میں 1.64 فیصد اضافہ ہوا، اگست 2018 کے مقابلے میں 2019 میں مہنگائی کی شرح 10.49 فیصد رہی۔تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے اگست کے دوران مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔ مالی سال 20-2019 کے دوسرے ماہ یعنی اگست میں 1.64 فیصد مہنگائی میں اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق اگست 2018 کے مقابلے میں 2019 میں مہنگائی کی شرح 10.49 فیصد رہی، مالی سال کے 2 ماہ کے دوران مہنگائی کی شرح 9.44 فیصد تک رہی۔اس ایک ماہ میں چکن کی قیمت میں 41 فیصد، ٹماٹر کی قیمت میں 37 اور پیاز کی قیمت میں 32 فیصد اضافہ ہوا۔ تازہ پھلوں کی قیمت میں 16 فیصد اور ایل پی جی کی قیمت 5 فیصد کمی ہوئی۔ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمت میں 0.3 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، ایک سال میں گیس کی قیمتوں میں 115، چکن کی قیمت میں 75 اور پیاز کی قیمت میں 61 فیصد اضافہ ہوا۔اسی طرح دالوں کی قیمت 25 سے 46 فیصد، ایندھن کی قیمت 23 فیصد اور گاڑیوں کی قیمت 21 فیصد بڑھ گئیں۔ ایک سال میں بجلی کی قیمت میں 0.79 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔
