ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ،سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی

میلبرن(سی این پی)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے دی۔بھارت نے پاکستان کا 160 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کیا اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔اننگز کے آغاز پر ہی نسیم نے کے ایل راہول کو 4 رنز پر آؤٹ کیا، اس کے بعد حارث رؤف نے کپتان روہت شرما کو بھی 4 اور سوریا کمار یادیو کو 15 رنز پر پویلین لوٹایا۔اس کے بعد اکسر پٹیل کو 2 رنز پر بابر نے رن آؤٹ کیا۔میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کرفیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔قومی کپتان بابر اعظم دوسرے اوور میں ارشدیپ سنگھ کی پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے اور گولڈن ڈک پر پویلین لوٹ گئے، بعدازاں چوتھے اوور میں وکٹ کیپر محمد رضوان بھی 12 گیندوں پر 4 رنز بناکر ارشدیپ کا شکار بنے۔پاکستان کی جانب سے افتخار احمد نے 51 رنز بنائے، شان مسعود نے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ شاداب خان 5، حیدر علی 2، محمد نواز 9، آصف علی 2، شاہین 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور حارث رؤف 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ اور ہاردک پانڈیا نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ بھونیشور کمار اور شامی ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ٹاس جیت کر روہت شرما نے کہا کہ پچ بولنگ کےلیے بہتر لگ رہی ہے، میچ کی بہت اچھی تیاری کی ہے۔دوسری جانب بابر اعظم نے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیتنے کے بعد بولنگ کرتے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے نیوزی لینڈ کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلی، ہم چھ بیٹرز کے ساتھ میدان میں اتررہے ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم میں 3 فاسٹ بولرز اور 2 اسپنرز شامل ہیں، ٹیم میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد،حیدر علی،محمد نواز، آصف علی،شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف ٹیم میں شامل ہیں۔بھارت کی ٹیم میں کپتان روہت شرما سمیت، نائب کپتان کے ایل راہول، ویرات کوہلی، سوریا کمار یادیو، وکٹ کیپر دنیش کارتک، ہاردک پانڈیا، اکسر پٹیل، روی چندر ایشون، بھونیشور کمار، ارشدیپ سنگھ اور محمد شامی شامل ہیں۔اس سے قبل خبریں تھیں کہ میلبرن میں پاک بھارت میچ کے دوران بارش ہونے کے قوی امکانات ہیں تاہم اب یہ امکان کم ہوگیا ہے، بتایا جارہا ہے کہ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں اس وقت دھوپ نکل آئی ہے۔اس سے قبل ہوبارٹ میں سری لنکا اور آئرلینڈ کے درمیان میچ کھیلا گیا تھا جس میں لنکن ٹائیگرز نے آئرش ٹیم کو9 وکٹوں سے شکست سے دوچار کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں