وزیر خزانہ کی تمام جماعتوں کو میثاق معیشت کی دعوت

اسلام آباد(سی این پی)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارکا کہنا ہےکہ میں دعوے سے کہہ رہا ہوں کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرےگا، تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں کہ میثاق معیشت کریں۔اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان دیوالیہ نہیں ہوگا، اس حوالے سے سامنے آنے والی خبریں گمراہ کن ہیں، پاکستانی معیشت سے متعلق بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔اسحاق ڈار نےکہا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں کہ میثاق معیشت کریں، اس میثاق معیشت میں کوئی بھی تبدیلی نہ کرے، سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے میثاق معیشت کو خوش آمدید کہتا ہوں، ہم جن عہدوں پر ہیں امین ہیں،اللہ اور عوام کو جوابدہ ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے غیر ضروری اخراجات کو کنٹرول کرنےکے اقدامات کیے ہیں، ملک کی معاشی مشکلات کو ختم کرنےکے لیے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا، سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کے لیے 16 ارب ڈالر درکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے پچھلے دور میں پاکستان 24ویں بڑی معیشت بن گیا تھا، پاکستان ایشیا کی بہترین مارکیٹ تھی جو گزشتہ حکومت کی غلط پالیسی سےتنزلی کا شکار ہوئی، گزشتہ چار سالوں میں فی کس آمدنی میں صرف تیس ڈالر کا اضافہ ہوا، ہمارے دور میں فی کس آمدنی میں 373 ڈالر کا اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف کے پروگرام سے انحراف کیا اور ترقیاتی اداروں کے اعتماد کو نقصان پہنچایا، ہم آئی ایم ایف کے اس پروگرام کو مکمل کریں گے، آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدہ اگلے چند دنوں میں ہوجائےگا، اسٹاف لیول معاہدے میں تاخیرہوئی ہے مگر یہ اب ہونے والا ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں