نوجوانوں میں حقیقی آزادی کی تڑپ موجود ، اللہ قوم کو حقیقی آزادی سے آشنا کر دے،عمران خان

لاہور (سی این پی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوانوں میں حقیقی آزادی کی تڑپ موجود ہے، اللہ رب العزت سے دعا ہے قوم کو حقیقی آزادی سے آشنا کر دے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ جب قانون کی حکمرانی ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کا وسیلہ بنتی ہے اور وہ خود کو احساسِ کمتری سے پاک کر لیتے ہیں توعمومی انسانوں سے کہیں اوپر اٹھ جاتے ہیں جس کی جھلک ہمیں جنابِ اقبال کے تصوّرِ شاہین میں ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کے حوالے سے ہمارے نوجوانوں میں موجود تڑپ ہی تو ہے جس کیلئے میں نے ہمیشہ رب العزت سے دعا کی کہ ایک روز میری قوم کو اس سے آشنا کردے! وہ قومیں جن کے نوجوان آزادی کو اپنی زندگیوں سےبالا شمار کرتےہیں، واقعتاً کارنامے سرانجام دیتی ہیں۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئین اور 90 روز میں انتخابات کے انعقاد کی حمایت اور محاصرے کیساتھ زمان پارک میں (ریاستی) قوت کے بےجا استعمال کی مذمت میں ایک متفقہ قرارداد منظور کرنے پر میں لاہور ہائیکور ٹ بار کا شکرگزار ہوں، اظہار یکجہتی کیلئے زمان پارک تک پیدل مارچ کرنے والے وکلاء کا بھی نہایت مشکور ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں