زمان پارک میں ریاستی اداروں کو چیلنج کیا جا رہا ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(سی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ زمان پارک میں ریاستی اداروں کو چیلنج کیا جا رہا ہے، عمران خان کو ملک میں خانہ جنگی، تشدد، انارکی کو ہوا دینے کی اجازت ہر گز نہیں دی جا سکتی۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پولیس صرف کرپشن کیسز میں عمران خان کو گرفتار کرنے کے لئے عدالتی احکامات کی تعمیل کر رہی ہے، پولیس کے پاس کوئی ہتھیار نہیں تھے، پولیس اہلکاروں کو پٹرول بموں، ڈنڈوں اور پتھروں سے مارا گیا، پولیس کی گاڑیوں پر پٹرول بموں سے حملے کئے گئے، ڈی آئی جی آپریشنز سمیت 65 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جو ہسپتال میں داخل ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کارکنوں، خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا، حالیہ آڈیو لیک ثبوت ہے کہ عمران خان نے پٹرول منگوا کر پٹرول بموں میں استعمال کروایا، یہ پولیس اہلکار عدالتی احکامات کی تعمیل کے لئے وہاں موجود تھے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو عدالت نے بار بار وقت دیا وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے، وہ غیر قانونی عمل سے عدالت پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، آئین پاکستان میں قانون سب کے لئے برابر ہے، جو قانون میرے لئے ہے وہی سب کے لئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر برطانیہ میں کوئی سیاسی رہنما پولیس اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرے تو وہاں کیا ہوگا؟ ذرا تصور کریں کہ برطانیہ میں مرکزی سیاسی جماعت کا کوئی لیڈر اپنے پارٹی ورکرز کو سڑکوں پر تشدد پر اکسائے اور خود گھر پر چھپ کر بیٹھے، اپنے پارٹی کارکنوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرے، تو وہاں کیا ہوگا؟مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کے بجائے قانون شکنی کر رہا ہے، عمران خان کو ملک میں خانہ جنگی، تشدد، انارکی کو ہوا دینے کی اجازت ہر گز نہیں دی جا سکتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں