ٹیم کے پاکستان آنےپر بھارتی وزیر کھیل کا یوٹرن

ناگپور (سی این پی)پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ کیلئے بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کے فیصلے سے متعلق بھارتی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے یوٹرن لے لیا۔گزشتہ برس بھارت کے وزیر برائے کھیل انوراگ ٹھاکر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایشیا کپ کیلئے پاکستان جانے کا فیصلہ وزارت داخلہ نے کرنا ہے کیونکہ کھلاڑیوں کی سکیورٹی بڑی اہم ہے۔تاہم اب ناگپور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انوراگ ٹھاکر نے اپنے مؤقف کو تبدیل کرتے ہوئے اس معاملے کو بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے فیصلے سے منسلک کردیا۔

انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو ایشیا کپ میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ کرنے دیں اس کے بعد وزارت داخلہ فیصلہ کرے گی۔واضح رہے کہ پاکستان کو رواں سال ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنی ہے جب کہ بھارت نے پاکستان میں ٹیم بھیجنے سے انکار کیا ہوا ہے،اس کا مؤقف ہے کہ ایشیا کپ پاکستان سے کسی دوسرے ملک شفٹ کیا جائے۔بھارت کی جانب سے ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کے اعلان پر پاکستان نے بھی رواں سال بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ سے دستبردار ہونے کی دھمکی دی ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں