ملک بھر میں آج یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

لاہور( سی این پی ) ملک بھر میں آج یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے زیراہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے سیمینار اور کانفرنسوں کا انعقاد ہوگا اور ریلیاں نکالی جائیں گی، شرکا حوصلوں، امنگوں اور ہمت و جرات کی لازوال داستان رقم کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔یوم پاکستان 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک علیحدہ وطن کا خواب دیکھا تھا۔یہ قرارداد لاہور کے منٹو پارک میں پیش کی گئی تھی جہاں اس کی یادگار کے طور پر مینار پاکستان تعمیر کیا گیا۔

آج نماز فجر کے اجتماعات میں ملک و ملت کی سلامتی اوراستحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جبکہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں بھی خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا، آج مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوگی اور پاکستان ایئرفورس کا چاق چوبند دستہ گارڈز کی ذمے داریاں سنبھالے گا۔

لاہور میں واہگہ بارڈر پر پرچم اتارے جانے کی خصوصی تقریب ہوگی جس میں ملک بھر سے شائقین شریک ہوں گے، پاکستان رینجرز پنجاب اور بی ایس ایف انڈیا کے مابین مٹھائی اور تحائف کا تبادلہ بھی ہوگا۔یاد رہے کہ کفایت شعاری پالیسی کے تحت اسلام آباد میں پاک فوج کی روایتی پریڈ محدود پیمانے پر ایوان صدر میں ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں