مقبوضہ کشمیر میں جی ٹونٹی اجلاس منعقد کرنے کی کوشش ناکام

سری نگر(سی این پی) مودی سرکار کی مقبوضہ کشمیر میں جی ٹونٹی اجلاس منعقد کرنے کی کوشش بری طرح ناکام ہو گئی، کشمیریوں نے جی ٹونٹی اجلاس کا مکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے سخت ردعمل دیا ہے۔جی ٹونٹی اجلاس مقبوضہ علاقے میں منعقد کروانے کے تناظر میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کی جانب سے دی جانے والی کال پر کشمیر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال دیکھی گئی، مودی سرکار کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو سمیت غیر انسانی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔

بھارتی سرکار نے سری نگر میں ڈل جھیل کے کنارے بھارتی فوجیوں، پیرا ملٹری فورسز، ایلیٹ نیشنل گارڈز اور میری کمانڈوز کی بھاری نفری تعینات کر رکھی ہے، سری نگر کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوج اور پولیس نے دکانداروں کو طلب کر کے دکانیں کھولنے کی ہدایت کی اور عمل نہ کرنے پر سخت نتائج کی دھمکیاں دی ہیں۔بھارتی دھمکیوں کی پروا نہ کرتے ہوئے تاجروں نے جی ٹونٹی اجلاس منعقد کرنے کیخلاف مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں