خواتین سے بدسلوکی کی خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں، محسن نقوی

لاہور (سی این پی) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ خواتین سے بدسلوکی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، خواتین سے متعلق خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں، خواتین سے بدسلوکی سے متعلق پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کا واقعہ پاکستان کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا، جناح ہاؤس واقعہ میں ملوث کسی شخص کو رہا نہیں کیا گیا، حملے میں ملوث کسی شخص کو نہیں چھوڑ رہے۔انہوں نے کہا کہ خدیجہ شاہ کی شناخت پریڈ چل رہی ہے، جناح ہاؤس پر حملے والے کا جتنا مرضی اثرورسوخ ہو، نہیں چھوٹے گا، حملے کے ذمہ داروں کو سزا ملے گی۔

نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جیل میں خواتین سے بدسلوکی جیسے واقعات تاریخ میں نہیں ہوئے، کسی پولیس والے نے غیر اخلاقی حرکت کی تو سزا دیں گے، ابھی تک عمران خان کی نظربندی کا فیصلہ نہیں ہوا۔دوسری جانب نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے بھی 9 مئی کے واقعات میں ملوث گرفتار خواتین سے ناروا سلوک کے پروپیگنڈے کو جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس جیلوں میں قید خواتین کو قانون کے مطابق شائستگی سے ڈیل کر رہی ہے، 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی کرنے والا شخص حسب سابق عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں