شہر قائد میں آتشزدگی، 4 افراد جھلس کر جاں بحق

کراچی (سی این پی )شہر قائد کے علاقے عائشہ منزل کے قریب دکانوں میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے رہائشی عمارت کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ سے جھلس کر 4 افراد جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے جن کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

ایس ایس پی سینٹرل فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق عائشہ منزل میں فوم کی دکانوں میں آگ لگی، آگ نے 5 منزلہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، زیادہ تر لوگوں کو بلڈنگ سے نکال لیا گیا، نیچے بہت بڑی تعداد میں فوم، کاسمیٹک اور دیگر دکانیں موجود ہیں۔

فیصل عبداللہ چاچڑ نے بتایا کہ دکانوں میں لگنے والی آگ اوپر عمارت تک پہنچی، بلڈنگ میں موجود تقریباً تمام لوگوں کو نکال لیا گیا، فرنٹ کی تمام دکانیں تقریباً جل گئیں، بلڈنگ بھی فرنٹ سے مکمل طور پر جل گئی۔

عائشہ منزل کے قریب بلڈنگ میں آگ بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ کی 9 گاڑیاں، ایک باؤزر اور ایک اسنارکل مصروف رہا۔

ذرائع کے مطابق رہائشی عمارت کے اندر کسی قسم کا فائرسسٹم موجود نہیں تھا، 2 دکانوں میں لگنے والی آگ نے 10 سے زائد دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لیا۔

بلڈنگ چوکیدار کے مطابق شاپنگ مال میں 50 سے زائد دکانیں مکمل طور پر جل گئیں، پانچ منزلہ رہائشی عمارت تھی، اب بلڈنگ کے اندر کوئی نہیں ہے، دکانداروں نے اپنا سامان اپنی مدد آپ کے تحت نکالا۔

مارکیٹ کے اطراف کھڑی موٹرسائیکلیں بھی جل گئیں، ریسکیو حکام کے مطابق فوم کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے عائشہ منزل کے قریب عمارت میں آگ لگنے کا نوٹس لے لیا، ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے آگ پر فوری قابو پانے کے اقدامات کی ہدایت کی۔

ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر جائے وقوعہ پر پہنچ کر معاملے کی مانیٹرنگ کریں۔

نگران وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ لوگوں کو بحفاظت محفوظ مقام تک پہنچایا جائے، انہوں نے فائربریگیڈ کی مزید گاڑیوں کو جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کا حکم دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں