اسلام آباد میں عالمی سطح کی نئے ٹریفک قوانین پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد(سی این پی)حکومت نے وفاقی دارالحکومت میں عالمی سطح کے نئے ٹریفک قوانین سے متعلق پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر پالیسی پر عملدرآمد شروع کرنے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، جس میں وفاقی دارالحکومت میں عالمی سطح کے نئے ٹریفک قوانین سے متعلق پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیرداخلہ نے ایک ہفتے کے اندر پالیسی پر عملدرآمد شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تیس ستمبر ڈیڈ لائن ہے، سوشل میڈیا مہم بھی شروع کی جائے۔نئے قوانین کے تحت دوران ڈرائیونگ سگریٹ نوشی کرنے پر بھی چلان ہو گا، تین بارچالان کے بعد لائسنس معطل کر دیا جائے گا، فرنٹ دونوں سیٹ بیلٹ باندھنا ضروری ہو گا۔لائسنس کے بغیرگاڑی چلانے پر بھی پابندی عائد ہو گی جبکہ بلاوجہ ٹریفک جام پر ایس پی اور ڈیوٹی آفیسر کے خلاف کارروائی ہو گی، اکثر اوقات ٹریفک افسران ٹریفک جام کے وقت غائب ہوتے ہیں۔یاد رہے رواں سال اپریل میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کی لین ڈسپلن کی پابندی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی مہم شروع کی تھی ، لین وائیلیشن کی خلاف ورزی کرنے والے7450 ڈرائیورزکے خلاف کاروائی کی گئی تھی۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری اس مہم کا مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، ٹریفک کی یقینی روانی اور سفر کو محفوظ بنانا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں