مراد علی شاہ نے لگاتار تیسری مرتبہ وزیر اعلیٰ سندھ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

کراچی (سی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مراد علی شاہ نے لگاتار تیسری مرتبہ وزیر اعلیٰ سندھ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا اور وہ سندھ کے 38ویں وزیر اعلیٰ بن گئے۔گورنر ہاؤس میں گورنر کامران ٹیسوری نے مراد علی شاہ سے حلف لیا۔تقریب حلف برداری میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، فریال تالپور اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ سابق نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر بھی شریک تھے۔تقریب میں مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، معروف صنعت کار اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔

مراد علی شاہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں 112 ووٹ لے کر وزیراعلیٰ سندھ منتخب ہوئے تھے۔مراد علی شاہ لگاتار تیسری مرتبہ وزیر اعلیٰ سندھ منتخب ہوئے ہیں۔سید مراد علی شاہ کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ پیپلزپارٹی کے مرحوم رہنما اور سابق وزیرِاعلیٰ سندھ سید عبداللہ علی شاہ کے صاحبزادے ہیں جو 1993 سے 1996 تک سندھ کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں۔

مراد علی شاہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، وہ 1962 میں کراچی میں پیدا ہوئے۔مراد علی شاہ نے اپنے کیریئر کا آغاز 1986 میں واپڈا سے بطور جونیئر انجینئر کیا اور پہلی بار 2002 کے عام انتخابات میں جامشورو کے حلقہ پی ایس 73 سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے اور یوں ان کا سیاسی کیریئر شروع ہوا۔وہ 2007 میں اور پھر 2014 کے ضمنی انتخابات میں بھی اسی نشست سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

مراد علی شاہ سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ کے مشیر بھی رہ چکے، 2013 کے عام انتخابات میں دہری شہریت رکھنے کی وجہ سے انہیں نااہل قرار دے دیا گیا تھا بعد ازاں انہوں نے اپنی کینیڈا کی شہریت ترک کی اور 2014 میں ضمنی انتخاب لڑ کر منتخب ہوگئے تھے۔

مراد علی شاہ ماضی میں حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور کراچی فش ہاربر اتھارٹی میں بھی مختلف عہدوں پر کام کرچکے۔مراد علی شاہ کو قائم علی شاہ کی کابینہ میں صوبائی وزیرِ خزانہ کا قلمدان سونپا گیا، لیکن جولائی 2016 میں پیپلز پارٹی نے وزیرِاعلیٰ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

29 جولائی 2016 کو سندھ اسمبلی کے اراکین نے مراد علی شاہ کو صوبے کا نیا وزیرِاعلیٰ منتخب کرلیا تھا۔مراد علی شاہ کی کارکردگی کو قائم علی شاہ کی کارکردگی سے بہتر قرار دیا گیا تھا، جس کے سبب پیپلز پارٹی نے ایک مرتبہ پھر مراد علی شاہ کو وزیرِ اعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

جس کے بعد 17 اگست 2018 کو مراد علی شاہ آئندہ 5 سال کے لیے سندھ اسمبلی کے نئے وزیرِاعلیٰ منتخب ہوگئے تھے۔8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں صوبائی نشست پر کامیابی کے بعد آج انہوں نے ایک مرتبہ پھر وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں