جعلی اکائونٹس کیس کے ملزمان کی 10 ارب 66 کروڑ روپے کی پلی بارگین

اسلام آباد(سی این پی)قوم کا پیسا لوٹنے والوں سے وصولی کا آغاز ہو گیا ہے، جعلی اکائونٹس کیس میں گرفتار عبدالغنی مجید سمیت 7 ملزمان نے 10 ارب 66 کروڑ روپے کی پلی بارگین کر لی۔تفصیلات کے مطابق جعلی اکائونٹس کیس کے گرفتار سات ملزمان نے آخر کار پلی بارگین کرتے ہوئے دس ارب چھیاسٹھ کروڑ روپے واپس کرنے کے لیے درخواست کر دی۔ملزمان میں عبدالغنی مجید سمیت 7 دیگر شامل ہیں، ملزمان نے سندھ اور اسٹیل ملز کی سرکاری زمینوں میں بھی خرد برد کی ہے، پلی بارگین کے تحت ملزمان 266 ایکڑ سے زاید اراضی بھی واپس کریں گے۔چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ملزمان کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی اکائونٹس کیس کی سماعت کے دوران نیب وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جعلی اکائونٹس کیس میں گرفتار ہونے والے تین ملزمان رقم واپس دینے پر راضی ہوگئے ہیں۔وکیل کا کہنا تھا کہ ملزمان خورشید جمالی، عارف اور آصف نے پلی بارگین کے لیے نیب کو درخواست جمع کرا دی ہے۔سماعت کے موقع پر عبد الغنی مجید اور دیگر ملزمان کو پیش کیا گیا تھا، فاضل جج نے عبد الغنی مجید کی اہلیہ مناہل مجید سے متعلق استفسار کیا تو نیب کے وکیل نے بتایا کہ وہ اس وقت بیرون ملک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں