وزیر داخلہ کی سعودی سفیر سے ملاقات ،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (سی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سعودی عرب کے سفارت خانے پہنچے جہاں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔اس موقع وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی  کے امور، پاک سعودیہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی عرب کے سفیر نے اسلام آباد پولیس کی بہتری کے لئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف سی کے جوانوں کے لئے رہائش کا انتظام کرنے پر سعودی عرب کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی جبکہ برما کے مسلمانوں کے لیے سفری دستاویزات پر بھی بات چیت کی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کی تاریخی برادرانہ دوستی سود مند معاشی تعلقات میں بدل رہی ہے، سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کا حالیہ دورہ پاکستان انتہائی کامیاب رہا، پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ولی عہد کے دورے کے منتظر ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے قوم دیدہ فرش راہ ہے، سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات میں گیم چینجر ثابت ہو گا، سعودی عرب نے ہر آزمائش میں پاکستان کا ساتھ نبھایا، موجودہ دور میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ رہے ہیں۔سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے، سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں