محنت اور لگن سے کام کرنے پر سرکاری ملازمین کو سلام پیش کرتی ہوں، وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور(سی این پی ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ محنت اور لگن کے بغیر پنجاب کی ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔اقوام متحدہ کے پبلک سروس ڈے پر اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج حکومت کی جانب سے عوامی خدمت کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کرنے کا دن ہے، عوام کی فلاح وبہبود کیلئے محنت، لگن اور ایمانداری سے کام کرنے والے سرکاری ملازمین کو سلام پیش کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دیانتداری اور لگن کے ساتھ خدمت کیلئے زندگی وقف کرنے والے لوگ قابل تحسین ہیں، محنت اور لگن کے بغیر پنجاب کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عوام کی خدمت اور ان کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کی بنیادی ذمہ داری سے بخوبی آگاہ ہے، صوبائی حکومت عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت عوامی خدمت میں شفافیت، جوابدہی اور بہترین کارکردگی کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے، بہتر سروس ڈیلیوری اور گڈ گورننس کیلئے محکموں کی ری سٹرکچرنگ کا جائزہ لیا جا رہا ہے، حکومتی پالیسیوں سے سروس ڈیلیوری میں بہتری آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں