پیٹ کمنز نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لگاتار دو میچوں میں ہیٹ ٹرک کرکے تاریخ رقم کردی

کنگسٹن (سی این پی )آسٹریلیا کے فاسٹ باولر پیٹ کمنز تاریخ رقم کرتے ہوئے 3 روز کے دوران ایک ٹی 20 ورلڈکپ میں 2 ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے پہلے اور مختصر ترین فارمیٹ میں 2 مرتبہ 3 گیندوں پر 3 وکٹیں لینے والے دنیا کے 5ویں باؤلر بن گئے۔

کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف ہیٹ ٹرک کرنے کے بعد انہوں نے افغان ٹیم کے خلاف بھی شاندار باؤلنگ کی اور 18ویں اوور کی آخری گیند پر راشد خان کو آؤٹ کرنے کے بعد 20ویں اوور کی پہلی گیند پر کریم جنت کو پویلین کی راہ دکھائی اور اگلی ہی گیند پر گلبدین نائب کو بھی میدان بدر کردیا۔افغانستان کے خلاف میچ میں وہ چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کر سکتے تھے لیکن ڈیوڈ وارنر نے ڈیپ اسکوائر پر ایک کیچ چھوڑ دیا۔4 گیندوں پر 4 وکٹیں لینے کا کارنامہ آئرلینڈ کے کرٹس کیمفر نے 2021 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران انجام دیا تھا۔

سری لنکا کے لاستھ ملنگا، نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی، سربیا کے مارک پاولووچ، مالٹا کے وسیم عباس کے بعد پیٹ کمنز بھی ٹی 20 کرکٹ میں 2 مرتبہ ہیٹ ٹرک کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے۔پیٹ کمنز وسیم اکرم کے بعد لگاتار 2 میچوں میں 2 ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن گئے، پاکستانی اسٹار باؤلر نے مارچ 1999 میں سری لنکا کے خلاف لگاتار 2 ٹیسٹ میچوں میں 2 ہیٹ ٹرک کی تھیں۔ان کے علاہ جمی میتھیوز نے 1912 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں ایک ہی دن 2 ہیٹ ٹرک کی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں