پنجاب اور بلوچستان میں توقع سے زائد برشوں کا امکان، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

اسلام آباد (سی این پی )محکمہ موسمیات کی جانب سے اس سال مون سون کی زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے پنجاب اور  بلوچستان میں ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی مون سون بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال مون سون بارشیں 35 فیصد سے زائد ہونے کا امکان ہے اور یکم جولائی سے پنجاب میں مون سون سیزن شروع ہونے کی توقع ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق جولائی کے پہلے ہفتے میں 15 سے 50 ملی میٹر تک بارش کا امکان ہے جبکہ جولائی کے دوسرے ہفتے میں 25 سے 35 ملی میٹر اور جولائی کے چوتھے ہفتے میں50 سے 70 ملی میٹر  تک بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق بلوچستان کے ضلع لسبیلہ، نصیرآباد اور مکران ڈویژن میں مون سون بارشوں سے نقصانات کا خدشہ ہے اور ان اضلاع میں 800 خاندانوں کیلئے امدادی سامان ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ادھر ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے اور نالوں سے تجاوزات ہٹانے اور صفائی کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں