کچے کے علاقے میں ڈاکوئوں کا چیک پوسٹ پرحملہ، دو اہلکار شہید

کندھ کوٹ(سی این پی ) ڈاکوؤں نے کچے کے علاقے میں قائم پولیس چیک پوسٹ ددڑ پر حملہ کردیا، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 اہلکار شہید جبکہ ایک ڈاکو ماراگیا۔پولیس کے مطابق 20 سے زائد ڈاکوؤں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 اہلکار موقع پر شہید جبکہ 2 زخمی ہوئے، ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے کچے کی طرف فرار ہو گئے۔

ایس ایس پی بشیر بروہی کاکہنا ہے کہ پولیس کی فائرنگ سے ایک ڈاکو بھی ہلاک ہو گیا جبکہ 3 ڈاکو بھی زخمی ہوئے ہیں، مارا جانے والا ڈاکو نظیر بھیو ڈاکو خادو بھیو کا بھائی ہے، ہلاک ہونے والا ڈاکو 6 دن قبل اغوا ہونے والے تین تاجروں کے اغوا میں ملوث تھا۔

اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اورشہید اہلکاروں کی میتیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔پولیس کے مطابق شہید اہلکاروں میں اللّٰہ ڈنو سبزوئی، نثار احمد کلہوڑو جبکہ زخمی اہلکاروں میں زاہد نصیرانی اور انور چنہ شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں