نیا چیف جسٹس کون ہوگا؟ 3 نام پارلیمانی کمیٹی کوارسال

اسلام آباد (سی این پی )نئے چیف جسٹس پاکستان کےلیے تین نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوادیے گئے۔ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے تین نام خصوصی پارلیمانی کمیٹی کو بھجوادیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہےکہ وزارت قانون کی جانب سے رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط لکھا گیا تھا جس میں تین سینئر ترین ججوں کے نام نئے چیف جسٹس کے لیے مانگے گئے تھے ۔

ذرائع کے مطابق نئے چیف جسٹس کے لیے جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحییٰ آفریدی کے نام بھجوائے گئے ہیں۔26 ویں آئینی ترمیم کے نفاذ کے بعد نئے چیف جسٹس کے تقرر کیلئے  پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا اور نئے چیف جسٹس کی تقرری موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ سے تین روز قبل کی جائے گی۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ریٹائرمنٹ سے قبل چیمبر ورک پر چلے گئے ہیں جہاں وہ ان دنوں فیصلے لکھیں گے۔سپریم کورٹ کے تین سینئر ترین ججوں میں پہلے نمبر پر جسٹس منصور علی شاہ، دوسرے نمبر پر جسٹس منیب اختر اور تیسرے نمبر پر جسٹس یحییٰ آفریدی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں