اسلام آباد سے بنوں آنے والی مسافربس پر درہ تنگ کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ

لکی مروت (سی این پی)اسلام آباد سے بنوں آنے والی مسافربس پر درہ تنگ کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔ یہاں ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی رات اسلام آباد سے بنوں آنے والی بس جب درہ تنگ کے قریب پہنچی تو مسلح افراد نے ٹارچ جلا کر اسے رکنے کا اشارہ کیا لیکن ڈرائیورنے حالات بھانپتے ہوئے گاڑی بھگا دی جس پرمسلح افراد نے بس پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے ڈرائیور ساجد اور ایک خاتون زخمی ہوگئیں، زخمی ڈرائیور نے اپنی حالت کی پرواہ نہ کرتے ہوئے گاڑی روکنے کی بجائے رفتار تیز کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال تاجہ زئی پہنچا دی جہاں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے،پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم افرادکے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں