کرونا وائرس بے قابو، 25افراد جاں بحق ، 2 چینی شہر لاک ڈائون

بیجنگ (سی این پی) چین میں کرونا وائرس بے قابوہو گیا،600سے زائد افراد میں اس جان لیوا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ، جبکہ اب تک 25افرادہلاک ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انسان سے انسان میں منتقل ہونے والا مہلک کرونا وائرس درجنوں افراد کی جانیں لے گیا ، چین میں ،600 سے زائد شہریوں میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد25 ہو گئی ۔ بیماری رو کنے کیلئے حکام نے 2شہروں ووہان اور ہوانگ گینگ کو لاک ڈائون کر دیا۔ دونوں شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ، ٹرین اور کشتی سروس معطل جبکہ پروازیں بند ہیں ، حکام نے باسیوں پر شہر سے نکلنے پر پابندی عائد کردی ۔ اس کے علا وہ چین نئے قمری سال کی تقریبا ت بھی منسوخ کر دی گئیں ۔ عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے ہنگامی اجلاس منعقد کیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ فی الحال اس وائرس کی وجہ سے عالمی سطح پر ایمرجنسی نافذ نہیں کی جائے گی۔واضح رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے خطرناک کرونا وائرس کسی بھی متاثرہ شخص سے براہ راست رابطے کے ذریعے منتقل ہوتا ہے۔ اس وباء کا آغاز اس وقت ہوا ہے جب پورے چین میں لاکھوں افراد قمری سال نو کی چھٹیاں منانے کے لئے اپنے دوستوں اور اہل خانہ کے ہمراہ اندرون و بیرون ملک سفر کررہے ہیں۔یہ مہلک وباء ووہان سے لے کر چین کے کئی صوبوں سمیت تھائی لینڈ، امریکہ اور جنوبی کوریا تک پھیل چکا ہے۔ امریکی ریاست واشنگٹن میں کرونا وائرس سے متاثرہ پہلا کیس رپورٹ ہوا ، جس میں ایک 30 سالہ شخص کوانتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ چینی محکمہ صحت کے مطابق اس وائرس کے پھیلاکے روکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں