وزیراعظم عمران خان سے کشمیر اسٹڈی گروپ کے بانی فاروق کتھواری کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان سے نیویارک میں کشمیر اسٹڈی گروپ کے بانی فاروق کتھواری نے ملاقات کی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم عمران خان اس وقت سات روزہ امریکا کے دورے پر ہیں جہاں وہ آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر رہنمائوں سے ملاقاتیں کریں گے اس کے علاوہ وہ 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔نیویارک میں وزیراعظم نے کشمیر اسٹڈی گروپ کے بانی فاروق کتھواری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا پر مودی حکومت کا اصل چہرہ واضح ہوجائے گا۔اس موقع پر وزیراعظم نے بھارت کے غیر قانونی تسلط اور انسانی حقوق کی پامالی کو مزید اجاگر کرنے کی تلقین بھی کی۔واضح رہے کہ فاروق کتھواری امریکی صدارتی کمیشن برائے ایشیائی امریکیوں کے کمیشن کے ممبررہ چکے ہیں۔وزیراعظم کی بانی فاروق کتھواری سے ملاقات کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، مشیرتجارت عبدالرزاق دائود، معاون خصوصی نعیم الحق، اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی، امریکا میں پاکستان کے سفیر اسدمجید اور سینئر افسران بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں