کشمیر کی حالیہ صورتحال میں بھی چین کا تعاون کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ،معظم احمد خان / چین ہر گھڑی میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا،چینی سفیر

اسلام آباد(سی این پی )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چائنا پاکستان سٹڈی سینٹر کی جانب سے پائیوٹ میگزین کے خصوصی شمارے کا اجراءکی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان میں چینی سفیر یائو جنگ اور سپیشل سیکرٹری خارجہ معظم احمد خان کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب میں چینی سفیر یائو جنگ کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین مثالی دوستی سمندر سے گہری اور ہمالیہ سے بلند ہے۔دونوں ممالک کے باہمی دوستانہ تعلقات اور تعاون پوری دنیا کیلئے مثال ہیں۔چینی سفیر کا کہنا تھا کہ سی پیک سے خطے پر مثبت اقتصادی اثرات مرتب ہوں گے۔چین ہر گھڑی میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ سپیشل سیکرٹری خارجہ معظم احمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی گہرے دوستانہ تعلقات اور تعاون پر فخر ہے۔کشمیر کی حالیہ صورتحال میں بھی چین کا تعاون کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔چین پاکستان راہداری سے دونوں آہنی بھائیوں کو دوستی کو نئی جہت ملی ہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب میں انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز کے ڈائریکٹر جنرل سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ چین کی تیز رفتار ترقی سب قوموں کیلئے اسباق سے بھری پڑی ہے۔چین سے ہر شعبے میں وسیع تر تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا کلیدی پہلو ہیں۔اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ پاک چین تاریخی تعلقات باھمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ ڈائریکٹر چائنا پاکستان سٹڈیز ڈاکٹر طلعت شبیر نے اظہار خیال کیا کہ وقت رفتہ کے ساتھ پاک چین تعلقات مزید وسیع اور مضبوط ہورہے ہیں۔پاک چین تعلقات سٹریٹجک سے گہرے اقتصادی تعلقات میں ڈھل چکے ہیں۔عوامی سطح پر بڑھتے ہوئے رابطے عوام کو مزید قریب لارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں