ملک بھر میں ڈینگی بے قابو، جڑواں شہروں میں مزید 278 شہری نشانہ بن گئے

اسلام آباد(سی این پی)ملک کے مختلف حصوں میں میدان خالی دیکھ کر ڈینگی نے حملوں میں تیزی دکھانا شروع کر دی، محکمہ صحت اور انتظامیہ صرف بیانات تک محدود ہو کر رہ گئی، جڑواں شہروں میں مزید 278 شہری نشانہ بن گئے۔گزشتہ 24 گھنٹے میں جڑواں شہروں میں مزید 278 شہری ڈینگی کا نشانہ بنے، 118 شہری راولپنڈی میں شکار ہوئے، اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے مزید 160 شہری ڈینگی کی زد میں آئے، مجموعی طور پر 4590 مریض ڈینگی کا نشانہ بنے۔لاہور میں ڈینگی کے حملے کسی ممکنہ روک تھام کے بغیر جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے مزید 8 نئے کیس رپورٹ ہوئے، تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 74 ہو گئی جبکہ مشتبہ مریضوں کی تعداد 7 ہزار تک پہنچ چکی ہے، اب تک پنجاب میں ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے 13 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ملتان میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 36 ہو گئی، نشتر ہسپتال میں مزید 4 مریض داخل کرائے گئے، زیر علاج مریضوں کی تعداد 17 ہو گئی، فیصل آباد میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، مریضوں کی تعداد 59 تک جا پہنچی۔گوجرہ میں ڈینگی کے 2 نئے کیس سامنے آ گئے، نواحی گائوں 518 گ ب کا سفیان اور 97 ج ب کا وحید ڈینگی کا شکار ہوئے، ٹی ایچ کیو ہسپتال نے دونوں میں ڈینگی کی تصدیق کر دی۔ متاثرہ افراد کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔حافظ آباد شہر اور نواحی علاقے سے بھی 3 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے جنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال داخل کرا دیا گیا، شہر کے کئی مقامات پر ڈینگی مچھر کا لاروا موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ مریضوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کے پی میں ڈینگی کے مزید 140 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں، متاثرہ افراد کی تعداد 2758 ہوگئی۔ پشاورمیں ڈینگی کے مزید 66 کیس سامنے آئے، مجموعی تعداد 1593 ہوگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 375 افراد مختلف ہسپتالوں میں داخل ہوئے جبکہ 25 افراد کو علاج کے بعد فارغ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں