پنجاب میں الیکٹرک رکشے اورگاڑیاں چلانے کی تجویزپر اصولی اتفاق

لاہور(سی این پی) وزیراعلی پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں صوبے میں الیکٹرک رکشے اورگاڑیاں چلانے کی تجویزپر اصولی اتفاق کرتے ہوئے بائیو گیس پلانٹ لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب کی زیرصدارت اعلی سطح اجلاس ہوا ، جس میں صوبے میں سموگ سے نمٹنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں پنجاب میں الیکٹرک رکشے اورگاڑیاں چلانے کی تجویزپر اصولی اتفاق اور صوبہ بھر میں بائیو گیس پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔عثمان بزدار نے کہا ہر ضلع میں اسموگ کنٹرول سینٹر قائم کیاگیا ہے، 7نومبر سے صوبے میں روایتی بھٹہ خشت بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعلی پنجاب نے فیکٹریوں میں ٹائر جلانے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا فصلوں کی باقیات کو جلانے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمدکرایا جائے گا اور اسٹیل رولنگ انڈسٹریز کو ماحول دوست ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا۔عثمان بزدار نے پی سی ایس آئی آر کو صاف ہوا کی فراہمی کیلئے اسموگ ٹاورز تیار کرنے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔اجلاس میں وزیراعلی کو بتایا گیا کہ پنجاب میں 43 فیصد اسموگ گاڑیوں کی دھوئیں کی وجہ سے پیدا ہورہی ہے، دو روز میں اسموگ پیدا کرنے والے اقدامات پر 204 ایف آئی آر درج ، 11685 گاڑیوں اور 109 انڈسٹریز کے چالان کیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں