آسٹریلیا میں طیارہ حادثے کا شکار، بھارتی کرکٹ ٹیم بال بال بچی

سڈنی (سی این پی) آسٹریلیا میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہوٹل کے قریب ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا، خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں جس ہوٹل میں بھارتی کرکٹ ٹیم قرنطینہ کے دن گزار رہی ہے، اس سے صرف 30 کلو میٹر دور ایک طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔بھارتی ٹیم اس وقت سڈنی اولمپک پارک ہوٹل میں موجود ہے، چار روز قبل پیش آنے والے واقعے کے وقت چند کھلاڑی ایک شیڈ میں موجود تھے۔وہاں موجود کرومر کرکٹ کلب کے سینئر وائس پریزیڈنٹ کا کہنا ہے کہ انہوں نے طیارے کو تیزی سے قریب آتے دیکھا تو وہ زور سے چلائے بھاگو، بھاگو اور خود بھی بھاگ کھڑے ہوئے۔ انہیں خدشہ تھا کہ طیارہ شیڈ کی چھت سے ٹکرا جائے گا۔یہ طیارہ سڈنی فلائنگ اکیڈمی سے اڑا تھا جسے ایک نوجوان پائلٹ اڑا رہا تھا، طیارے میں کو پائلٹ بھی موجود تھا۔بظاہر یوں لگ رہا ہے کہ طیارہ نوجوان پائلٹ کے کنٹرول سے باہر ہوگیا جس کے بعد اس نے کریش لینڈنگ کی، حادثے میں دونوں کی جان بچ گئی تاہم دونوں بری طرح زخمی ہوئے ہیں۔اسپتال لے جاتے ہوئے ایک کا چہرہ خون سے تر تھا جبکہ دوسرے کی ٹانگ ٹوٹ چکی تھی۔ واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔حادثے میں بھارتی ٹیم بال بال بچی ہے، بھارتی ٹیم 2 ماہ سے زائد کے طویل دورے پر آسٹریلیا پہنچی ہے اور اس وقت قرنطینہ میں ہے۔اس دورے میں دونوں ٹیمز 3 ون ڈے، 3 ٹی 20 اور 4 ٹیسٹ میچز کھیلیں گی۔ دورے کا آغاز 27 نومبر کو پہلے ون ڈے سے ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں