سروس کی بندش پر معذرت، بحالی کےلئے کوشاں ہیں، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر ٹیکس حکام کو قانون کا پابند کریں، سی این پی کی خبر پر ٹیلی نار کا وضاحتی بیان

اسلام آباد(سی این پی)ملک کی صف اول میں شمار ہونے والی ٹیلی کام کمپنی ٹیلی نار پاکستان آزاد و جموں کشمیر کی عوام کو بہترین، معیاری اور جدید ٹیلی کام سروسز اور ڈیجیٹل سلوشنز فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔ حال ہی میں ان لینڈ ریونیو آزاد کشمیر نے متنازعہ ٹیکس ڈیمانڈ کو وجہ بناتے ہوئے ٹیلی نار پاکستان کی متعدد سائیٹس کو سیل کیا جس کی وجہ سے آزاد کشمیر کی آبادی کے ساتھ ساتھ وہاں کے عوام کا روزگار بھی بری طرح متاثر ہوا۔ ہائی کورٹ آزاد کشمیر کی جانب سے جاری کیے گئے سٹے آڈر کے بعد ٹیکس اتھارٹی کی جانب سے لیے گئے تمام غیر قانونی اقدامات کو معطل کرنے کے باوجود ہماری سائیٹس کو نہیں کھولا جا رہا اور نیٹ ورک بحال کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ تاہم صارفین تک سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہم ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔صورت حال پر بات چیت پر عرفان وہاب خان، سی ای او ٹیلی نار پاکستان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے تو وہ آزاد کشمیر کے قابل احترام صارفین سے ٹیکس اتھارٹی کی جانب سے انتہائی سخت قدم اٹھانے کی وجہ سے نیٹ ورک بندش سے تکلیف کا سامنا کرنے پر معذرت خواہ ہیں۔ وبائی آفت اور سخت موسمی حالات میں عوام کا خیال نہ کرنا افسوس ناک ہے۔ ہم آزاد کشمیر کی عوام کے ساتھ ہیں اور ٹیلی نار نیٹ ورک کے ساتھ رہنے پر اپنے صارفین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیلی مواصلات ایک بنیادی سروس ہے، یہاں تک کہ ٹیلی کام ایکٹ کے تحت ٹیلی کام سروسز میں مداخلت غیر قانونی اور قابل سزا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر اس صورتحال کا نوٹس لیں گے اور ٹیکس حکام کو قانون کے دائرہ کار میں کام کرنے کا پابند کرینگے۔ٹیلی نار پاکستان ایک بڑا سرمایہ کار اور ایک معروف ٹیکس ادا کرنے والی کمپنی ہے، اور اسے فخر ہے کہ وہ ملک کی ڈیجیٹلائزیشن میں اپنا کردار ادا کررہا ہے۔قانون کی پابندی کرنے والے اور ذمہ دار کارپوریٹ اداروں کے خلاف قانون کے مقررہ عمل کی پیروی کے بغیر اس طرح کے سخت اقدامات اٹھانا غلط پیغام بھیجے گا اور ملک میں سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کرے گا۔ٹیلی نار پاکستان ملک کی تعمیرو ترقی کی حمایت میں ٹیکس کی ادائیگی کی اہمیت کو سمجھتا ہے اور اسی لئے اپنی ٹیکس کی ذمہ داریوں کے حوالے سے ذمہ دارانہ انداز اپناتا ہے۔ہمارا یقین ہے کہ ٹیکس کا نظام مستحکم اور شفاف ہونا چاہئے تاکہ سرمایہ کاری کے لئے دوستانہ ماحول بنایا جاسکے جو کاروبار کرنے میں آسانی اور ملک کی ترقی میں مدد گار ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں