این او سی منسوخی کے عدالتی فیصلے کے باوجودپارک ویوسٹی کی تشہیری مہم اور پلاٹوں کی خرید و فروخت زورو شور سے جاری

سوسائٹی انتظامیہ کسی قسم کی تشہیری مہم نہیں چلارہی ، ڈیلر زاپنے طور پر اشتہارات چلارہے ہیں تو اس بارے کچھ نہیں کہہ سکتے ،ڈائریکٹرمارکیٹنگ پارک ویو سٹی

اسلام آباد ( محمد حمزہ،سی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علیم خان کی ہائوسنگ سوسائٹی(پارک ویوسٹی )کا این اوسی اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے منسوخ کیا گیا مگر خریدوفروخت اور تشہیری مہم کا سلسلہ نہ رک سکا،سوشل میڈیا پر بھی مہم زور شور سے جاری ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے علیم خان کی ہائوسنگ سوسائٹی (پارک ویوسٹی )جوکہ ملوٹ روڈپر واقع ہے گزشتہ دنوں این اوسی منسوخ کر دیا گیا تھا،واضح عدالتی حکم کے بعد پلاٹوں کی خریدوفروخت اورکسی قسم کے اشتہارات اور سوشل میڈیامہم چلانا غیر قانونی عمل ہے۔تاہم عدالتی احکامات کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے پارک ویوسٹی کی انتظامیہ تشہیر ی مہم میں مصروف عمل ہیں۔جڑواں شہروں سمیت موٹروے اور بڑی شاہراہوں پرموجود بل بورڈز پر پارک ویوسٹی کے اشتہارات آویزاں ہیں جوکہ عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے ا ور نظام عدل کومنہ چڑھانے کے مترادف ہے۔یاد رہے کہ پارک ویو سٹی اسلام آبادکا شمار ایک سو غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں میں ہوتا ہے۔تاہم سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروائی جانے وا لی رپورٹ اس بات کا اعتراف تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے سرکاری اراضی پر قبضہ کر کے پارک ویو سٹی کو کری روڈ سے جوڑرکھاہے اور این او سی منسوخ کرنے سے پہلے عدالت نے سماعت کے دوران ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ سی ڈی اے پی ٹی آئی رہنما کی طرفدار ہے ۔تاہم این او سی منسوخ ہو جانے کے بعد بھی پارک ویوسٹی کی اشتہاری مہم چلانا عوام الناس کو بے وقوف بنا نے اور عدالتی احکامات کی تضحیک کے مترادف ہے۔وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان ایک طرف انصاف کے اصولوں پر مبنی ریاست کی مثالیں دیتے ہیں اور مدینہ کی ریاست بنانے کے دعویدار ہیں اور دوسری جانب انہی کی پارٹی کے سینئر رہنما علیم خان پارٹی ایجنڈا اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نظر آتے ہیں،اس حوالے سے موقف جاننے کیلئے جب پارک ویو سٹی کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ فرید باجوہ سے رابطہ کیا گیا تو انکا کہنا تھا کہ حال ہی میں جو نئے سال کی آمد کے حوالے سے ایونٹ کا انعقاد کیا گیا اس کا باقاعدہ این او سی(اجازت نامہ ) حاصل کیا گیا ہے ،اس کے علاوہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کیا اور اپیل دائر کر رکھی ہے ،انکا کہنا ہے کہ یہاں بڑے ڈویلپرز نے این او سی حاصل نہیں کیا مگر ہم نے باقاعدہ این او سی حاصل کرکے سوسائٹی بنائی 2014میں ہمارا این او سی کینسل ہواہم عدالت گئے جسکے بعدہم نے سی ڈی اے سے زمین حاصل کرکے سڑک بنائی، سی ڈی اے کے تحفظات ختم کئے اور ہمارا این او سی بحال ہوا،اب بھی معاملہ اعلی عدالت میں ہے جو فیصلہ ہو گا قبول کرینگے،پلاٹس کی خریدوفروخت کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ سوسائٹی کسی قسم کی خریدوفروخت نہیں کررہی ہے،البتہ ڈیلرز ،سرمایہ کار یا پلاٹ ہولدڑز اپنے طور پر خریدوفروخت کریں تو انکو نہیں روک سکتے ۔ ڈائریکٹر مارکیٹنگ فرید باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ سوسائٹی انتظامیہ کسی قسم کی تشہیری مہم بھی نہیں چلارہی ہے اگر کوئی ڈیلر زاپنے طور پر اشتہارات چلارہے ہیں تو اس بارے کچھ نہیں کہہ سکتے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں