ٹیکس دہندگان پاکستان کے محسن ہیں ،وزیراعظم

اسلام آباد(سی این پی)وزیراعظم عمران خان نے ٹیکس دہندگان کو پاکستان کا محسن قرار دے دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ٹیکس اصلاحات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، شبلی فراز، حماداظہر،ڈاکٹروقار مسعود سمیت ڈاکٹر عشرت حسین،چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی ومتعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ٹیکس نظام میں متعدد اہم اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے، جس کی وجہ سے رواں مالی سال کے چھ ماہ میں 2205 ارب روپے سے زائدٹیکس جمع ہوا۔وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید خود کار بنایا جارہا ہے، نئے ڈیجیٹل نظام سے شفافیت نمایاں، کرپشن، ٹیکس چوری کم ہوگی، چھوٹے،درمیانے کاروبار کیلئے ٹیکس فارم کو صرف ایک صفحہ پر مشتمل کردیاگیا ہے اور ٹیکس دہندگان کو ٹیکس دینے پر مراعات اور سہولتیں دی جارہی ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم نے مجموعی طور پر ٹیکس نظام میں اصلاحات لانے والے حکام کو سراہا، اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ٹیکس دہندگان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس دہندگان پاکستان کے محسن ہیں، اجلاس میں وزیراعظم نے حکام کو ہدایت دی کہ ایسے اقدامات کئے جائیں جس سے ٹیکس دہندگان کی پذیرائی ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں