پاور سیکٹر کیلئے بڑی خوش خبری، گنے کے پھوک والی آئی پی پیز بھی ٹیرف کم کرنے پر تیار

اسلام آباد(سی این پی)پاور سیکٹر کے لئے ایک اور بڑی خوشخبری ہے کہ شمسی توانائی آئی پی پیز کے بعد گنے کے پھوک والی آئی پی پیز بھی ٹیرف کم کرنے پر راضی ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومتی مذاکراتی ٹیم اور گنے کے پھوک والی آئی پی پیز میں راضی نامہ طے پاگیا ہے، معاہدے کے تحت گنے کے پھوک والی آٹھ آئی پی پیز اپنا ٹیرف کم کریں گی، دونوں پارٹیاں وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد معاہدے پر دستخط کریں گی، آئی پی پیز ٹیرف کی کمی سے مستقبل میں صارفین کو سستی بجلی کے ساتھ حکومت کے گردشی قرضوں میں کمی آئیگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے کے لئے آئی پی پیز کے اپنے بورڈز کی جانب سے بھی اس کی منظوری ضروری ہے۔ماہر معاشیات مزمل اسلم نے حکومتی مذاکراتی ٹیم اور گنے کے پھوک والی آئی پی پیز میں ہونے والے معاہدے کو تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ پھوک والی آئی پی پیز کے ٹیرف میں کمی کا معاہدہ حکومت کی اہم کامیابی ہوگی، اس کامیابی کے نتیجے میں حکومت ساڑھے800 ارب روپے بچائیگی۔مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ حکومت سالانہ ٹیکس 4000ارب روپے جمع کرتی ہے،ان میں سے 2300ارب روپے گردشی قرضوں کی ادائیگی میں چلا جائے تو ملک کیسے چل سکتاہے، نئے معاہدے کے بعد بجلی گھروں کو زیادہ ادائیگی کے بجائے یہ پیسہ عوام پر خرچ ہوگا اس کے علاوہ ملک میں دو ڈیمز بھی بن رہے ہیں حکومت کی جانب سے ایسے اقدامات ہونگے تو عوام کو سستی بجلی بھی ملے گی۔ماہر معاشیات خرم شہزاد نے بھی معاہدے کو بڑی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آ ئی پی پیز سے معاہدوں پر نظرثانی حکومت کا اچھا اقدام ہے، دنیا بھی اب کوئلے اور تیل سے بجلی بنانے سے نکل رہی ہے، حکومت کے ایسے اقدامات سے آئندہ سالوں میں عوام کو فائدہ ہوگا۔خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ گردشی قرضے مہنگی بجلی بننے اور سستی بیچنے سے ہوتے ہیں، میرے خیال میں ایسے اقدامات سے گردشی قرضے کم ہوسکتے ہیں۔گذشتہ روز حکومتی مذاکراتی ٹیم اور شمسی توانائی پر مشتمل آئی پی پیز نے ٹیرف کم کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین ملک کے وسیع تر مفاد میں کمپنیز کنٹریکٹ میں ترمیم پر رضامند ہوئے۔کمپنیز پاور سیکٹر کے استحکام کیلئے کنٹریکٹ میں ترمیم پر راضی ہوئیں، حکومت کمپنیز کی قرض خواہوں سے ازسر نومفاہمت کرائیگی، حکومت کمپنیز کو موجودہ سولر سائٹس پر اضافی پیداوار میں مدد کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں