عالمی برادری تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے میں کردار ادا کرے،تہمینہ خان

مظفرآباد(سی این پی )چئیرپرسن وویمن کمیشن آزادکشمیر تہمینہ صادق خان نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے کہا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرے اورحکومت پاکستان بھارتی اقدامات کو دنیا بھر میں بے نقاب کرنے کیلئے جارحانہ سفارتی مہم چلائے۔اپنے بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو عملاً فوجی چھاؤنی میں تبدیل کررکھاہے۔ نام نہاد جمہوریت اور سیکولرازم کے دعویدار بھارت کی فوج مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پرانسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے بھارت کے غیر قانونی تسلط اور 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدمات کو یکسر مسترد کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قابض انتظامیہ نے کشمیری حریت قیادت کو گھروں اور جیلوں میں مسلسل نظربند کر رکھا ہے جبکہ بھارتی فورسز نے پبلک سیفٹی ایکٹ سمیت کالے قوانین کے تحت ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں میں بند کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ انسانی حقوق کی تذلیل ہے کہ درندہ صفت بھارتی فوجی نہتے کشمیری نوجوانوں کو والدین کے سامنے بدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد لاپتہ کردیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ طاقت کے بل پر کسی بھی قوم کو زیادہ دیر تک غلام بنا کر نہیں رکھا جا سکتا۔ کشمیری عوام اپنے آزادی کے حق کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہندو انتہاپسند تنظیموں کے فسطائی ایجنڈے پر عمل پیرا بھارتی حکومت کشمیری عوام کو تمام بنیادی حقوق سے محروم کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں