وزیراعظم دن کا 70 فیصد حصہ مہنگائی پر قابو پانے میں صرف کرتے ہیں، اعجاز شاہ

اسلام آباد(سی این پی)وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم دن کا 70 فیصد حصہ مہنگائی پر قابو پانے میں صرف کرتے ہیں۔یونیورسٹی لاہور میں انسداد منشیات کے حوالے سے تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی تحریک اوپر نہیں جا رہی کیونکہ ان کا بیانیہ ہی ریاست مخالف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے میں لوگ نہیں آئے جس کی وجہ پی ڈی ایم کا بیانیہ ہی ہے۔اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم دن کا 70 فیصد وقت مہنگائی پر قابو پانے پر صرف کرتے ہیں، چینی کی قیمت پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اصلاحات بھی کرنا چاہتے ہیں لیکن سارا کچھ این آر او کی نذر ہو رہا ہے۔وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سوچ سیاسی ہے، اب یہ جماعت ووٹ جمع کر لے اور ان ہائوس تبدیلی لے آئے، کسی ادارے کو کہنا کہ حکومت گرائے یہ غیر جمہوری سوچ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں