پنجاب پولیس کا امیج بہتر کرنے کے لیے بہت محنت کرنی ہوگی،وزیر اعظم

لاہور(سی این پی)وزیر اعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ پنجاب پولیس کا امیج بہتر کرنے کی ضرورت ہے، آپ کو بہت محنت کرنا پڑے گی۔تفصیلات کے مطابق آج دورہ لاہور کے موقع پر وزیر اعظم کی زیر صدارت پنجاب پولیس میں اصلاحات اور کارکردگی پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئی جی پنجاب نے وزیر اعظم کو پنجاب پولیس کی کارکردگی، محکمے میں بہتری کے لیے اصلاحات اور اقدامات پر بریفنگ دی۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ عوام کا تحفظ یقینی کے لیے وسائل بروئے کار لائے جائیں، اور عوامی مسائل کے حل میں صرف میرٹ پر عمل داری کی جائے، انصاف کی فراہمی میں حائل اہل کاروں کو کڑی سزا دی جائے۔وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پولیس میں سیاسی بھرتیوں کا نقصان لوگوں کو اٹھانا پڑا، کوئی قانون سے بالاتر نہیں، پولیس کسی سیاسی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لائے، لوگ تب مطمئن ہوں گے جب سب سے یکساں اور قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا، اور پولیس افسران جرائم کے خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کریں۔وزیر اعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ تھانوں کے دورے کریں، اہم پوزیشنز پر ایمان دار افسران تعینات کیے جائیں، اس کا اثر گراس روٹ تک جاتا ہے، پنجاب میں تعیناتیاں صرف میرٹ اور کارکردگی پر کی جائیں، لوگوں کی انصاف تک حقیقی رسائی ممکن بنائی جائے۔انھوں نے مزید کہا کہ بڑے جرائم پیشہ کو پکڑیں گے تو چھوٹے جرائم پیشہ عناصر کے لیے سبق ہوگا۔واضح رہے کہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور معاون خصوصی شہزاد اکبر بھی موجود تھے، قبل ازیں، وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات بھی کی، جس میں انھوں نے قبضہ مافیا کے خلاف اقدامات پر پنجاب حکومت کی تعریف کی۔ملاقات میں پنجاب کی مجموعی صورت حال اور ترقیاتی امور پر گفتگو ہوئی، عثمان بزدار نے امن عامہ کی مجموعی صورت حال اور انتظامی امور پر بریفنگ دی، اور پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیوں پر رپورٹ پیش کی، جس میں بتایا گیا کہ لاہور میں 2 سال کے دوران 31 ارب مالیت کی زمین واگزار کرائی گئی۔وزیر اعظم نے کہا قبضہ مافیا سے متعلق پنجاب حکومت اچھا کام کر رہی ہے، قبضہ مافیا کو کسی صورت معافی نہ دی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں