بھارت کی جانب سے ٹک ٹاک سمیت سماجی رابطے کی59 چینی ایپلیکیشنز پر مستقل پابندی عائد

نئی دہلی(سی این پی) بھارت نے ٹک ٹاک اور وی چیٹ سمیت 59 ایپلیکیشنز (ایپس) پر مستقل طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔بھارت کی وزارت برائے الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نےان ایپس پر پابندی عائد کی۔ قبل ازیں ان ایپلیکیشنز پر جون 2020 میں پابندی عائد کی گئی تھی تاہم اب کہا جا رہا ہے کہ حالیہ پابندی مستقل طور پر عائد کی گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی حکومت نے کمپنیوں سے تفصیلات طلب کی تھیں کہ وہ صارفین کی کیا کیا تفصیلات جمع کرتے ہیں اور انہیں کن مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بظاہر یہی نظر آرہا ہے کہ چینی کمپنیوں کی جانب سے دیے گئے جوابات بھارتی حکومت کو مطمئن نہیں کر سکے جس کی وجہ سے مستقل طور پر پابندی عائد کی گئی۔قبل ازیں جون 2020 میں بھارتی حکومت نے چین کیساتھ جاری سرحدی کشیدگی کے دوران ٹک ٹاک سمیت 59 چینی ایپس پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔بھارتی وزیر اطلاعات ونشریات روی شنکر پرساد نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا تھا کہ ‘یہ پابندی سکیورٹی، خود مختاری اور سالمیت کے لیے ضروری ہے۔ ہم انڈین شہریوں کے ڈیٹا اور پرائیویسی میں کسی طرح کی جاسوسی نہیں چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں