انتظار کی گھڑیاں ختم، کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ ہفتے کو پاکستان پہنچے گی

اسلام آباد(سی این پی)انتظار کی گھڑیاں ختم، عالمی وبا سے بچائو کے لئے ویکسین کی پہلی کھیپ ہفتے کو اسلام آباد پہنچے گی۔ قومی ایئر لائن ویکسین وطن لانے کیلئے مفت خدمات فراہم کرے گی۔وزارت خارجہ، وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز اور چینی سفارتخانے کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن(پی آئی اے)کو ویکسین پاکستان لانے کے حوالے سے گرین سگنل دے دیا گیا۔ قومی ایئر لائن کا خصوصی طیارہ جمعہ کو ویکسین لینے بیجنگ روانہ ہوگا۔حکومتی عہدیداروں کے مطابق چین کی جانب سے پاکستان کو انسداد کورونا ویکسین کی 11 لاکھ خوراکیں عطیہ کی گئی ہیں، جنہیں پاکستان پہنچانے کیلئے خصوصی کنٹینر بھی دوست ملک نے پاکستان کے حوالے کر دیا ہے۔ قومی ایئر لائن کا خصوصی طیارہ چین سے انسداد کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ میں 5 لاکھ خوراکیں لائے گا، قومی ایئر لائن کا بوئنگ 777 طیارہ ہفتے کو بیجنگ سے ویکسین لے کر نیواسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے گا۔دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اگلے ہفتے سے کورونا وائرس کی وبا کے سدباب کیلئے ویکسینیشن شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں اسد عمر نے کہا کہ پاکستان میں 600 ویکسینیشن سینٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ ویکسینیشن کا نظام قائم کر دیا گیا ہے۔ ملک میں سیکڑوں ویکسینیشن مراکز کوویڈ ویکسین لگائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں