امریکا سرمایہ کاری کو محدود کرنے سے باز رہے، چین کا انتباہ

واشنگٹن/بیجنگ(سی این پی) چین نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری کو محدود کرنے سے باز رہے، بصورت دیگر واشنگٹن حکام کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق بیجنگ میں وزارت خارجہ نے واشنگٹن سے تجارتی جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات پر زور دیا گیا جس کے باعث عالمی معیشت کی ترقی میں منفی رحجان جنم لے رہے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے کہا کہ امریکا اور چین کے مابین تجارتی تعلقات ختم کرنے سے دونوں ممالک کے مفادات اور لوگوں کو ٹھیس پہنچے گی۔انہوں نے کہا کہ اس امریکی اقدام کے بعد مالی منڈی میں افراتفری پھیلے گی اور بین الاقوامی تجارت اور عالمی معاشی نمو کو خطرہ لاحق ہوگا۔دوسری جانب وائٹ ہائوس کے تجارتی مشیر پیٹر ناوروا نے امریکی اسٹاک ایکسچینج کی فہرست سے چینی کمپنیوں کو خارج کرنے سے متعلق رپورٹ کو مسترد کردیا۔انہوں نے امریکی اسٹاک ایکسچینج سے متعلق خبر کو جعلی قرار دیا۔ وائٹ ہائوس کے تجاری مشیر کے بیان کے بعد چینی کمپنیاں علی بابا اور ڈی ڈاٹ کام کے شیئرز میں قدرے بہتری ریکارڈ کی گئی۔اس ضمن میں بتایا گیا کہ امریکی منڈی سے چین کی کمپنیوں کی بے دخلی کا امکان سرمایہ کاروں کے لیے باعث تشویش ہے۔مقامی کمپنی کے مطابق امریکا کے اسٹاک ایکسچینج میں چینی کمپنیوں کی جانب سے 40 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کار ہے۔واضح رہے کہ حال ہی میں میڈیا نے دعوی کیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ چینی کمپنیوں کو امریکی اسٹاک ایکسچینج کی فہرست سے خارج کرنے کے امکانات پر غور کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں