شہرہ آفاق فلم ’اوتار‘ کے 4سیکوئل بنانے کی تیاریاں

اسلام آباد (سی این پی)ہالی ووڈ فلمساز جیمز کیمرون کی 2009ء میں ریلیز ہونے والی تھری ڈی ایڈونچر فلم ’اوتار‘ نے عالمی باکس پر 2.8ارب ڈالر کما کر نیا ریکارڈ بنایا تھا۔ ایک دہائی بعد ’اوینجرز:اینڈ گیم‘ دوبار ریلیز ہونے کے بعد بمشکل اس فلم کا ریکارڈ توڑپائی ہے۔ اس فلم کے تخلیق کار جیمز کیمرون کئی برسوں سے اس فلم کے سیکوئل کی باتیں کر رہے ہیں بلکہ 7جنوری 2010ء کو فلم کے بلین ڈالر کلب میں شامل ہونے کے موقع پر انہوں نے لاس اینجلس میں فلم کی اسکریننگ کے موقع پر کہا تھا، ’’جی ہاں ہم فلم کے سیکوئل پر کام کررہے ہیں‘‘۔جیمز کیمرون کی جانب سے ایسے بیان بعد میں بھی گاہے بگاہے سُننے کو ملتے رہے۔ تاہم ’اوتار‘ کے پرستاروں کیلئے خوش خبری ہے کہ جیمز کیمرون نے فلم کے سیکوئل پر باقاعدہ کام کا آغاز کردیا ہے اور اس بار محض ایک نہیں بلکہ چار سیکوئل فلموں پر بیک وقت کام کیا جارہا ہے۔ چار سیکوئل فلموں کے لیے ایک ارب ڈالر کا ریکارڈ بجٹ رکھا گیا ہے (یہ لارڈ آف دی رنگز کی ٹرائلوجیز کے مقابلے میں ساڑھے تین گنا زیادہ بجٹ ہے)۔پہلے یہ کہا جارہا تھا کہ شاید اس فلم کو دسمبر 2020ء میں ریلیز کیا جائے گا، تاہم اب جیمز کیمرون نے اعلان کیا ہے کہ ’اوتار2‘ ، 17دسمبر 2021ء کو ریلیز ہوگی۔ اس کے بعد ہر سال دسمبر میں اوتار کا سیکوئل ریلیز ہوگا، اس طرح ’اوتار5‘ دسمبر 2027ء میں ریلیز کی جائے گی۔فلم ساز جیمز کیمرون نے اوتار کے سیکوئل پر کام کا آغاز کرنے میں 10سال کا عرصہ لگایا ہے۔ اس سے پہلے وہ اس فلم کے سیکوئل کے حوالے سے 2014ء اور 2016ء کی تاریخیں دے چکے تھے، تاہم اس تاخیر کے حوالے سے وہ کہتے ہیں، ’’میرے لیے یہ اہم نہیں ہے کہ پہلا سیکوئل کب ریلیز ہوگا۔ میری ایک خواہش ہے اور اسی کے مطابق ہی میں کام کررہاہوں کہ میری فلمیں جس قدر ممکن ہو، مختصر سے وقفے کے بعد ایک کے بعد ایک ریلیز ہوتی چلی جائیں۔ میں چاہتا ہوں کہ میری فلم کا ایک نیا سیکوئل ہر سال کرسمس کے موقع پر عوامی نمائش کے لیے پیش کیا جائے، اب میں اس وعدے کی پاسداری کرنا چاہتا ہوں‘‘۔ اس سوال کے جواب میں کہ کیا پہلی فلم اور سیکوئل میں 12سال کا عرصہ اس کی باکس آفس پر کارکردگی پر منفی اثر نہیں ڈالے گا؟ جیمز کیمرون کہتے ہیں، ’’میں اس حوالے سے بالکل بھی فکرمند نہیں ہوں۔ لوگ شاید بھول رہے ہیں کہ ’دی ٹرمینیٹر‘ اور ’ٹرمینیٹر 2‘ کے درمیان 7سال کا وقفہ تھا۔ ’ایلین‘ اور ’ایلینز‘ کے درمیان بھی 7سال کا وقفہ تھا‘‘۔جیمز کیمرون کی ایک خوش قسمتی یہ رہی ہے کہ ڈزنی اور فاکس کے انضمام کا اوتار کے سیکوئلز پر کوئی فرق نہیں پڑا اور اوتار کے تمام سیکوئلز کی پروڈکشن منصوبے کے مطابق جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں