پاکستان اور تاجکستان کسٹمز کے درمیان تفصیلی معلومات و آراء کے تبادلے کا معاہدہ طے پا گیا

اسلام آباد(سی این پی) کسٹمز امور میں تعاون اور باہمی معاونت کے معاہدے پر تاجکستان کے شہر دوشنبے میں دستخط ہوئے۔ تاجکستان میں پاکستان کے سفیر جناب عمران حیدر اور تاجکستان کی کسٹمز سروس کے چیئرمین جناب کریم زودا نے اپنی اپنی حکومتوں کی جانب سے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کی دفعات کو پاکستان کسٹمز اور تاجکستان کسٹمز کے درمیان تفصیلی معلومات و آراء کے تبادلے اور دونوں حکومتوں کی منظوری کے بعد حتمی شکل دی گئی۔ معاہدے پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے پاکستان کسٹمز کی جانب سے وزارت خارجہ کے ذریعے تاجکستان میں پاکستان کے سفیر کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو، حکومت پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اس پر دستخط کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔پاکستان اور تاجکستان کے درمیان اس معاہدے سے دونوں ملکوں کے کسٹمز حکام کے درمیان معلومات کے تبادلے سے باہمی تعاون کو فروغ ملے گا۔ معاہدے کے تحت کسٹمز قوانین سے متعلق جرائم کی روک تھام و تحقیقات، منشیات کی سمگلنگ، کسٹمز قوانین کے نفاذ، تحقیق و ترقی، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافے او ر دونوں ملکوں کے درمیان برآمدات کے فروغ کے سلسلے میں اہم معلومات کا تبادلہ کیا جائے گا۔ اس سے تجارت کو حتی الوسع حد تک باسہولت بنانے اور دوطرفہ اور ٹرانزٹ تجارت کی سکیورٹی یقینی بنانے میں بھرپور مدد ملے گی اور دونوں ملکوں کے درآمد کنندگان و برآمد کنندگان کے کاروباری اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔ یہ معاہدہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور ان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے دونوں ممالک کی قیادت کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ معاہدے کا مقصد علاقائی سطح پر اور دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر بہتر معاشی انضمام اور پاکستان کی بین الاقوامی تجارت کو وسعت دینے کے سٹریٹجک مقاصد کے حصول کے لئے بین الاقوامی تعاون یقینی بنانا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کسٹمز، فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے افغانستان، ترکی، ایران، متحدہ عرب امارات اور امریکہ سمیت کئی ممالک کے ساتھ کسٹمز امور پر باہمی تعاون کے سمجھوتوں پر دستخط کئے ہیں۔ جنوبی کوریا، آسیان ممالک، سعودی عرب، روس اور یورپی یونین سمیت کئی دیگر ممالک کے ساتھ ان سمجھوتوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب سے پہلے تاجکستان کی کسٹمز سروس کے چیئرمین نے پاکستانی سفیر جناب عمران حیدر کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ معاہدے کے بعد پاکستانی سفیر نے کسٹمز امور میں تاجکستان کے بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ پاکستان کسٹمز، تاجکستان کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں