گمشدہ کھلونے کے مالک کی تلاش، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے دل جیت لیے

ویلنگٹن(سی این پی) نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے ایک شہری کی مدد کے لیے انوکھا کام کر کے سب کے دل جیت لیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جیسنڈا آرڈرن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک پوسٹ کی اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایئرپورٹ سے ملنے والے کھلونے کو مالک تک پہنچانے میں مدد کریں۔جیسنڈا نے لکھا کہ اس خرگوش کھلونے کو اصل مالک تک پہنچانا ہے جس کے لیے عوام کی مدد کی ضرورت ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ کھلونا ہیملٹن ایئرپورٹ پر عملے نے وزیراعظم کے حوالے کیا۔ جس کے بعد انہوں نے جمعرات کے روز فیس بک پر اس کھلونے کے ساتھ سیلفی لے کر فیس بک پر شیئر کی۔جیسنڈا نے لکھا کہ میں آج صبح ہیملٹن ایئرپورٹ پر پہنچی تو ایئرپورٹ کی ٹیم نے مجھ پر مہربانی کرتے ہوئے اپنا بورڈ روم استعمال کرنے کی اجازت دی، میں جب جارہی تھی تو عملے کا ایک رکن خرگوش لے کر میرے پاس آیا اور بتایا کہ یہ کھلونا 28 جنوری کو ایئرپورٹ سے ملا جس کے بعد سے اس کے مالک کی تلاش جاری ہے۔جیسنڈا نے لکھا کہ میرے خیال سے یہ بظاہر چھوٹی چیز ہے مگر اس شخص کے لیے قیمتی ہوگی جو اس کا مالک ہے، آپ تمام عوام میرا ساتھ دیں تاکہ ونک کو مالک تک پہنچا دیں،جیسنڈا آرڈرن کی پوسٹ کے چوبیس گھنٹے بعد اس معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی اور ایئرپورٹ انتظامیہ نے بتایا کہ وہ کھلونا مالک تک پہنچانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ایئرپورٹ ترجمان نے لکھا کہ ہم نے ونک کا خاندان تلاش کرلیا، یہ ایک ننھے بوئین نامی بچے کا تھا، جس نے اس کا نام نونو رکھا تھا، یہ کھلونا کل اصل مالک تک پہنچ جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں