سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر یونس خان کی ٹرپل سینچری کی آج 12ویں سالگرہ ہے

اسلام آباد(سی این پی)سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر یونس خان نے آج ہی کے روز 313 رنز کی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر یونس خان نے 24 فروری 2009 کو سری لنکا کے خلاف بطور کپتان ٹیسٹ میچ میں 313 رنز کی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔یونس خان کی ٹرپل سینچری کو 12 سال مکمل ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا۔یہ ٹیسٹ میچ کراچی میں کھیلا گیا تھا۔ یونس خان نے اننگز میں 12 گھنٹے 40 منٹ کے دوران 568 گیندوں پر 313 رنز بنائے تھے جس میں 27 چوکے اور 6 چھکے لگائے گئے۔ٹیسٹ کرکٹ میں یونس خان کی 313 رنز کی اننگز پاکستان میں بطور کپتان سب سے بڑی اننگز ہے جبکہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے لیے 300 سے زائد رنز کی اننگز کھیلنے والے تیسرے کھلاڑی ہیں۔یونس خان 118 ٹیسٹ میچوں میں ریکارڈ 34 سینچریوں کے ساتھ 10 ہزار 99 رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں