امریکا چین خلیج دور کرانے میں پاکستان اپنا کردار ادا کر سکتا ہے،وزیراعظم

کولمبور(سی این پی)وزیراعظم عمران خان نے امریکا اور چین کے درمیان بڑھتی خلیج کو دور کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔وزیراعظم عمران خان کا سری لنکا میں تجارت و سرمایہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرا سیاست میں آنے کا مقصدغربت کا خاتمہ ہے، شوکت خانم کینسر اسپتال غریبوں کے لیے بنایا۔ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے ذریعے غربت کو کم کیا جا سکتا ہے، کاروباری برادری کے لیے سہولیات اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ سری لنکا اور پاکستان دہشتگردی کا شکار رہے، دہشتگردی سے سیاحت اور سرمایہ کاری متاثر ہوئی لیکن خطے کے ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات استوار کرکے غربت کم کر سکتے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ برصغیر میں تمام تنازعات کو مذاکرات سے حل کرنے کے خواہاں ہیں، اقتدار میں آنے پر بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کی لیکن بات نہیں بنی، ہمارا واحد اختلاف کشمیر پر ہے اور مسئلہ کشمیر صرف ڈائیلاگ سے حل ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک مسئلے کے حل کے لیے جنگ چھڑنے سے مزید تنازعات جنم لیتے ہیں، مسائل کا حل جنگ میں نہیں مذاکرات میں ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا اور چین کے درمیان بڑھتی خلیج دور کرانے میں پاکستان اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سری لنکن ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی اور کہا کہ ہمیں یورپی یونین کی طرز پر خطے میں تجارتی تعلقات استوار کرنا ہو ں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں